نیویارک،12؍اپریل (ایس او نیوز؍ایجنسی) امریکہ میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ ہلاکتیں نیویارک میں ہو رہی ہیں اور صحت کا بہترین نظام رکھنے والا یہ ملک بھی اس مہلک وائرس کے آگے بے بس نظر آتا ہے۔ دریں اثنا، نیوریارک میں مہلک کورونا وائرس سے جان کی بازی ہارنے والوں کی 40 میتوں کو سخت احتیاطی تدابیر کے ساتھ اجتماعی قبر میں دفنا دیا گیا۔
نیویارک میں کورونا وائرس کے نئے 10 ہزار کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد 7 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ اسپتالوں میں سہولیات کم پڑ گئیں اور لاشوں کی اجتماعی تدفین کی جا رہی ہیں۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ درجنوں تابوتوں کو ایک بڑے گڑھے میں دفن کیا جا رہا ہے اور تدفن کرنے والوں نے مہلک وائرس سے بچاؤ کے لئے حفاظتی لباس بھی زیب تن کر رکھے ہیں۔
ڈرون کیمرے کے ذریعے اتاری گئی یہ تصاویر نیویارک کے جزیرے ہارٹ کی ہے جہاں لاوارث لاشوں اور جن کے اہل خانہ تدفن کے اخراجات نہیں اُٹھا سکتے انہیں سرکار کی جانب سے دفنایا جاتا ہے اور اب کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کو بھی یہاں دفنایا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ امریکہ میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 18761 ہوگئی ہے جب کہ اس مہلک وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد پانچ لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔